رات میں گلا پھاڑ کر چیخنے سے ذہنی تناؤ کم کرنے کی عجیب رسم

24جولائی2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (اسٹاک ہوم) سویڈن کے شہر اپسالا کے قریب ایک مقام فلوگسٹا ہے، جہاں لوگ رات کے وقت گلا پھاڑ کر اپنا ذہنی تناؤ کم کرتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سویڈن کے شہر اپسالا کے قریب ایک مقام فلوگسٹا واقع ہے، جہاں بڑی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی طالبِ علم رہتے ہیں۔ تقریباً ہر روز 10 بجے لوگ گھر کی کھڑکیاں کھول کر زور سے چیخ مارتے ہیں اور چلاتے ہوئے اپنے ڈپریشن اور ذہنی تناؤ (اسٹریس) کو کم کرنےکی کوشش کرتے ہیں۔ اگر عام حالات میں رات کے وقت آپ کسی کی چیخ کی آواز سنیں تو خوفزدہ ہوجاتے ہیں لیکن اپسالا کے علاقے میں یہ ایک عام منظر ہے جو گذشتہ 40 برس سے جاری ہے۔

اپسالا میں ایک بہت بڑی یونیورسٹی واقع ہے اور اس کے طالبِ علم اپنا ذہنی تناؤ کم کرنے کیلئے روزانہ رات کو گلا پھاڑ کر چلاتے ہیں۔ اس طرح یہ جامعہ کی ایک باقاعدہ رسم بن چکی ہے۔ کوئی نہیں جانتا کہ یہ رسم کیسے شروع ہوئی لیکن کہا جاتا ہے کہ سب سے پہلے سویڈن کی لیونڈ یونیورسٹی میں 1970ء کے عشرے میں طالبعلموں نے اپنے ڈپریشن کو کم کرنے کیلئے چیخنا شروع کیا تھا اور یہ سلسلہ اپسالا تک پہنچا۔ 2006ء تک چیخنے کا یہ سلسلہ جاری رہا اور اس کے بعد اچانک رک گیا۔

اس کے بعد طالبعلموں کی ایک چھوٹی سی تعداد نے اس رسم کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوشش کی ہے، اور اب لوگوں کی کچھ تعداد رات 10 بجے چیختی ہے۔ اب روزانہ رات کو ٹھیک 10 بجے فلوگسٹا کے لوگ اور طالبعلم کھڑکی کھول کر سر باہر نکالتے ہیں اور گلا پھاڑ کر اپنا ذہنی تناؤ کم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

Facebook Comments