تھائی لینڈ میں کتے نے ایک نومولود بچے کو بچا لیا

19مئی2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (بنکاک) تھائی لینڈ کے شمالی علاقے میں کتے نے ایک نومولود بچے کو اس وقت بچا لیا، جب اسکی ماں اسے زندہ دفن کر کے چلی گئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق مذکورہ بچے کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اس کی 15 سالہ ماں نے اپنے والدین سے حمل چھپانے کیلئے ایسا کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بان نونگ خام گاؤں میں پنگ پونگ نامی کتا کھیت میں ایک مقام پر بھونک رہا تھا اور کھودنے کی کوشش کر رہا تھا۔ کتے کے مالک کا کہنا ہےکہ اس وقت انھیں ایک بچے کی ٹانگ نظر آئی, مقامی لوگ بچے کو فوراً ہسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے بچے کو چیک کرنے کے بعد نہلا کر اسے صحت مند قرار دیا ہے۔ پنگ پونگ (کتا) کے مالک اوسا نسائیخا نے بتایا کہ پنگ پونگ کی ایک ٹانگ کام نہیں کرتی کیونکہ ایک گاڑی اسے مار گئی تھی۔

انھوں نے ایک مقامی اخبار کو بتایا کہ میں نے اسے اسی لئے رکھا کیونکہ یہ انتہائی وفادار اور تابعدار ہے۔ میں جب بھی اپنی بھینسوں کی دیکھ بھال کیلئے جاتا ہوں تو یہ میری مدد کرتا ہے، اسے پورا گاؤں ہی پسند کرتا ہے۔

دوسری جانب اس بچے کی ماں پر اقدامِ قتل کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ مقامی پولیس کا کہناتھا کہ فل الحال یہ 15 سالہ ماں اپنے والدین اور ایک ماہرِ نفسیات کے پاس ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ماں اپنے کئے پر رنج و غم کا اظہار کر رہی ہے، جبکہ اس لڑکی کے والدین نے بچے کو پالنے کی حامی بھر لی ہے۔

Facebook Comments