والد کی جان بچانے کیلئے کمسن بیٹے کا انوکھا اقدام

14جون2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (بیجنگ) چین میں ایک کمسن بچے نے اپنے والد کی جان بچانے کیلئے اپنا وزن بڑھانا شروع کر دیا ہے۔ اپنے مقصد میں کامیابی کیلئے اس نے دن میں پانچ وقت کھانا شروع کر دیا ہے تاکہ وہ ڈاکٹروں کے مطابق سرطان زدہ والد کو ہڈیوں کا گودا (بون میرو) عطیہ کر سکے۔

تفصیلات کے مطابق لُوزیخوان کے والد 7 برس سے خون کے سرطان (لیوکیمیا) کے شکار ہیں اور دوائیں کھا رہے ہیں۔ گذشتہ اگست سے ان کی صحت مزید بگڑ رہی ہے اور ڈاکٹروں نے اس کا واحد حل ہڈیوں کے صحتمندگودے کی منتقلی بتایا ہے۔ پورے خاندان کے خون کے نمونے لینے کے بعد صرف لوزیخوان کا گودا ہی اپنے والد کیلئے موزوں قرار پایا گیا۔

دوسری طرف اس وقت لُوزیخوان کی عمر صرف 10 برس تھی لیکن اس کے باوجود پرائمری جماعت کے اس بچے نے 30 کلوگرام وزن کے باوجود ڈاکٹروں سے کہا کہ وہ اپنے باپ کی جان بچائے گا، لیکن ماہرین نے کہا کہ اس کیلئے بچے کو مزید 15 کلوگرام وزن بڑھانا ہوگا۔ اس کے بعد سے لُو نے روزانہ پانچ وقت مرغن غذائیں کھانا شروع کر دی ہیں تاکہ اس کاوزن بڑھ کر کسی طرح 45 کلوگرام تک پہنچ جائے۔ لُو کے اس عمل کو پورے چین میں سراہا گیا ہے اور لوگوں نے اس کی ہمت بڑھائی ہے۔ چینی صوبے ہینان کے شہر ژنژیانگ سے تعلق رکھنے والے اس بچے کی عمر 11 سال ہے۔

لُو کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے مجھے کم ازکم 45 کلوگرام تک وزن بڑھانے کو کہا ہے لیکن بہترین وزن 50 کلوگرام ہے۔ اگرچہ اتنا کھانا بھی پریشان کرتا ہے لیکن میں اسے برداشت کررہا ہوں کیونکہ ہم اپنے والد کی جدائی برداشت نہیں کرسکتے۔

لُو کی والدہ پرچون کی دکان پر کام کرتی ہیں جس کی تنخواہ سے بمشکل گزارا ہو رہا ہے۔ بڑھتے ہوئے اخراجات میں بیمار شوہر کا علاج اور دوائیں بھی شامل ہیں۔ اسی لئے لُو کے اسکول میں اس کیلئے رقم جمع کرنے کے کئی پروگرام منعقد کئے گئے ہیں۔ اگرچہ اب لُو کا وزن 45 کلوگرام تک پہنچ گیا ہے لیکن وہ مزید فربہ ہونا چاہتا ہے تاکہ اچھے نتائج برآمد ہوں۔ اسکول میں اب اسے موٹا لڑکا کہا جاتا ہے لیکن وہ اپنے مشن پر ڈٹا ہوا ہے جس کی بدولت وہ اپنے والد کی زندگی بچانا چالتا ہے۔ لُو نے کہا کہ پہلے ابو کی جان بچ جائے وزن تو بعد میں بھی کم کیا جاسکتا ہے۔

Facebook Comments