زندگی بھر بغیر کسی کام کاج کے ماہانہ لاکھوں روپے کمائیے! وہ کیسے؟ جانیئے اس رپورٹ میں

12مارچ2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک : (سویڈن ) اگر کسی شخص کو بغیر کسی کام کے ایسی ملازمت کی پیشکش کی جائے، جس میں اچھی خاصی تنخواہ ملے اور نوکری بھی زندگی بھر کیلئے ہو تو یقیناکوئی بھی ایسی ملازمت ٹھکرانا بیوقوفی سمجھے گا، حال ہی میں سویڈن حکومت نے ایک ایسی نوکری کی پیشکش کی ہے جسے پانے والا خوش نصیب شخص زندگی بھر کسی خاص ذمہ داری کے بغیر ملازمت کر سکے گا۔

تفصیلات کے مطابق سویڈن کے شہر بِیٹے بوری میں قائم ریلوے اسٹیشن کے ڈیزائن کو تیار کرنے والوں کیلئے ساڑھے سات لاکھ ڈالرز کا انعام رکھا گیاتھا جو کہ سویڈن کے ہی دو انجینئرز نے جیت لیا، دونوں انجینئرز نے انعامی رقم کو ایک عجیب وغریب کام کیلئے مختص کر دیا۔ اُنہوں نے یہ خطیر رقم ایک ایسے ملازم کیلئے وقف کردی جو زندگی بھر ریلوے اسٹیشن کے گھڑیال کی لائٹس روشن اور بند کرنے کا کام سر انجام دے گا،انجینئرز کی جانب سے دی جانے والی رقم کسی بھی شخص کو 120سال تک تنخواہ دینے کیلئے کافی ہوگی۔

اس کام کیلئے نامزد ہونے والے شخص کو روزانہ کی بنیاد پر بِیٹے بوری کے زیر تعمیر ریلوے اسٹیشن میں موجود گھڑیال کو ضرب لگانا ہوگی ، جس سے اُس پر لگی ہوئی لائٹس روشن ہوجائیں گی ، اس کے بعد وہ شخص چاہے تو کہیں بھی چلا جائے اور اپنی ڈیوٹی کو ختم کرنے کیلئے اُسے دوبارہ گھڑیال پر ضرب لگانا ہوگی،جس سے گھڑیال پر لگی تمام روشنیاں بجھ جائیں گی۔

گھڑیال ملازم کو ریلوے اسٹیشن پر رکے رہنے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی وہ اس دوران کہیں بھی جاسکے گا۔ملازم کیلئے اچھی بات یہ ہے کہ یہ نوکری پوری زندگی کیلئے ہے اور کوئی بھی اُسے نکال نہیں سکے گا۔

اس کام کے عوض اُسے ہر ماہ 2320ڈالرز (تقریباً سوا تین لاکھ روپے ) دئیے جائیں گے، اس کے علاوہ پینشن، سالانہ چھٹیاں اور دیگر مراعات بھی دی جائینگی۔

Facebook Comments