ماہرین سیاہ چاولوں کے استعمال پر کیوں زور دیتے ہیں؟ جانیئے اس رپورٹ میں

Why Experts Emphasize the Use of Black Rice!
06ستمبر2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (نیویارک) امریکہ کے طبی ماہرین نے سیاہ چاولوں کے فوائد دریافت کئے ہیں، ماہرین نے سیاہ چاولوں کو پہلی بار استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ذیل میں ان چاولوں کی خصوصیات اور فوائد کے بارے میں جانتے ہیں۔

امریکی ماہرین کے مطابق کالے چاولوں میں آئرن، وٹامن ای کی کثیر مقدار پائی جاتی ہے، جو عام چاول میں نہیں ہوتی، یہی وجہ ہے کہ سیاہ چاول دیگر کے مقابلے میں انسانی صحت کیلئے نقصان دہ نہیں ہیں اور ان کے استعمال سے وزن میں اضافہ بھی نہیں ہوتا۔ امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ سیاہ چاول انسانی صحت پر کسی قسم کے منفی اثرات مرتب نہیں کرتے، بلکہ ان میں موجود معدنیات ذیابیطس اور عارضہ قلب جیسی بیماریوں سے محفوظ رکھتی ہیں۔

ماہرین یہ بھی کہتے ہیں کہ سیاہ چاولوں میں فائبر کی کثیر مقدار بھی پائی جاتی ہے، جو خون میں موجود شوگر کی مقدار کو کم یا کنٹرول کرنے میں بہت مدد فراہم کرتی ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیاہ چاول استعمال کرنے والے افراد صحت مند اور توانا رہتے ہیں، جبکہ یہ غذا اُن کے میٹابولزم کو بڑھانے میں بھی مدد فراہم کرتی ہے۔

ماہرین نے ذیابیطس کے مریضوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کالے چاولوں کا استعمال اپنے معالج سے مشورے کے بعد کریں کیونکہ ان کا ضرورت سے زیادہ استعمال بیماری کو مزید پیچیدہ کر سکتا ہے۔

واضح رہے کہ سیاہ چاول انڈونیشیا، تھائی لینڈ اور بھارت میں کثیر مقدار میں پائے جاتے ہیں، سیاہ چاول کو انڈیا کی ریاست مانی پور میں چکھاؤ کہا جاتا ہے۔

Facebook Comments