کورونا وائرس اب ہوا سے بھی پھیلنے لگا، عالمی ادارہ صحت

The coronavirus is now spreading through the air World Health Organization said
08جولائی2020
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (جنیوا) عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کے ہوا کے ذریعے پھیلاؤ کے شواہد بھی مل رہے ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس عمومی طور پر وبائی مریض کے منہ یا ناک سے نکلنے والے وائرس کے جز سے پھیلتا یا پھر دوسرے کو متاثر کرتا ہے، لیکن اب عالمی ادارہ صحت نے وبا کے پھیلاؤ سے متعلق نئے خطرے کی طرف اشارہ کر دیا ہے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: کورونا وائرس کب تک رہے گا، عالمی ادارہ صحت نے آگاہ کر دیا

رپورٹ کے مطابق دنیا کے 32 ممالک سے 239 سائنس دانوں نے مشترکہ خط شائع کیا ہے جس میں باقاعدہ طور پر ہوا میں وائرس کی موجودگی کے شواہد اور ثبوت درج ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ متاثرہ ملکوں میں وائرس کی ہوا میں موجودگی سے جو بھی سانس لے رہا ہے وہ کورونا کا شکار ہو رہا ہے۔ جبکہ عالمی ادارہ صحت بھی اس امر کے سچ ہونا کا امکان ظاہر کر رہا ہے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: عالمی ادارۂ صحت کے مطابق پاکستان میں ذیابیطس کا مرض خطرناک حد تک بڑھنے لگا

یاد رہے کہ 25 جون کو کولمبیا یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیق میں یہ بات ثابت ہوئی تھی کہ ’فار یو وی سی‘ کی مصنوعی شعاعیں ہوا میں موجود کورونا وائرس کو ختم کر سکتی ہیں۔ ریسرچ رپورٹ کے مطابق سائنس دانوں نے تجربے کے دوران مخصوص جگہ پر کورونا وائرس کی نمی کے ذرات کو فار یو وی سی لائٹ کے سامنے سے گزارا جس کے بعد وائرس کو اکھٹا کیا گیا تاکہ نتیجہ معلوم کیا جا سکے۔

تحقیقی مطالعے کی سربراہی کرنے والے ڈاکٹر ڈیوڈ برونر کا کہنا تھا کہ تجربے کی رپورٹ سے واضح ہوا کہ مذکورہ لائٹ نے ہوا میں موجود کورونا کے ذرات کا 99.9 فیصد تک خاتمہ کر دیا، وائرس کا کوئی بھی ذرا زندہ نہیں بچا۔

Facebook Comments