کورونا وائرس کیخلاف یہ دوائی تیز ترین نتائج دے رہی ہے

Coronavirus Medicine
19مارچ2020
(فوٹو : فائل)

ویب ڈیسک: (بیجنگ) چینی ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف فیوی پیراویر نامی ایک دوا مؤثر ثابت ہو رہی ہے، اس دوا کی اب تک کلینیکل آزمائش کی جا رہی تھی۔

تفصیلات کے مطابق چین کی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ایک عہدیدار زینگ شن من کا کہنا ہے کہ فیوی پیراویر نامی جاپانی اینٹی وائرس دوا کے اثرات چین کے شہروں ووہان اور شینزن میں کلینیکل ٹرائلز کے دوران حوصلہ افزا رہے ہیں۔ ان کے مطابق اس دوا کو 340 مریضوں کو استعمال کروایا گیا اور یہ وائرس کے خلاف محفوظ ہونے کے ساتھ ساتھ اس کے علاج میں بھی واضح طور پر مؤثر ثابت ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق شینزن میں جن مریضوں کو یہ دوا استعمال کروائی گئی ان میں ٹیسٹ مثبت آنے کے 4 دن بعد وائرس ختم ہو گیا، جبکہ اس دوا کے بغیر مرض کی علامات کیلئے دیگر ادویات کے استعمال سے صحتیابی میں اوسطاً 11 دن درکار ہوتے ہیں۔ علاوہ ازیں ایکسرے سے علم ہوا کہ اس نئی دوا کے استعمال سے 91 فیصد مریضوں کے پھیپھڑوں کی حالت میں بھی بہتری رونما ہوئی، جبکہ دیگر ادویات میں یہ شرح 62 فیصد کے قریب ہوتی ہے۔

جاپان میں بھی ڈاکٹروں کی جانب سے اس دوا کو کورونا وائرس کے معمولی سے معتدل علامات والے مریضوں پر ہونے والے کلینیکل ٹرائلز کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے اور ڈاکٹرز کو توقع ہے کہ اس کے استعمال سے مریضوں میں وائرس کی نشوونما کی روک تھام ممکن ہے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ جاپان نے قلیل ترین وقت میں کورونا وائرس کی تشخیص کرنے والی اسٹرپ تیار کر لی

جاپانی وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دوا سنگین علامات والے مریضوں کیلئے ممکنہ طور پر زیادہ مؤثر نہیں کیونکہ ایسے مریضوں پر اس کا اثر دیکھنے میں نہیں آیا جن میں یہ وائرس زیادہ پھیل چکا تھا۔ ان کے مطابق اس نئی دوا کو کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کیلئے بڑے پیمانے پر استعمال کرنے کیلئے حکومتی اجازت کی ضرورت ہوگی کیونکہ یہ بنیادی طور پر فلو کے علاج کیلئے تیار کی گئی تھی۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ انتہائی آسان کر دیا! ہسپتال جانے کی ضرورت نہیں

اس دوا کو فیوجی فلم ٹویاما کیمیکل نے سنہ 2014ء میں فلو کیلئے تیار کیا تھا تاہم کمپنی نے چین کے حالیہ دعوے پر کوئی ردعمل نہیں دیا، البتہ چینی عہدے دار کے بیان کے بعد کمپنی کے حصص میں بدھ کو 14 فیصد سے زائد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ کورونا وائرس کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان کا عالمی برادری کیلئے اہم پیغام

دوسری جانب امریکی شہر سیئٹل میں واقع واشنگٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں کورونا وائرس کی ویکسین کے تجربے کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ اس ویکسین کی آزمائش 45 صحت مند انسانوں پر کی جائے گی اور اس کے حتمی نتائج جاننے میں 12 سے 18 ماہ کا وقت لگے گا۔ اس کے بعد ہی یہ تعین کیا جا سکے گا کہ ویکسین وائرس کے خلاف کس حد تک مؤثر ہے۔

Facebook Comments