نیند کا بار بار ٹوٹ جانا! ماہرین نے بہت بڑے خطرے سے آگاہ کر دیا

Insomnia
22اگست2021
(فوٹو : اسٹاک امیج)

ویب ڈیسک: (پینسلوینیا) امریکی طبّی ماہرین کا کہنا ہے کہ جن افراد کی نیند بار بار ٹوٹتی رہتی ہے، ان میں دل اور رگوں کے مسائل دوسرے لوگوں سے تقریباً دگنا ہوتے ہیں، اور اُن میں اچانک موت کا خطرہ بھی اُن لوگوں سے زیادہ ہوتا ہے جو سکون کی نیند سوتے ہیں۔

یہ ایک جامع تجزیہ (میٹا اینالیسس) ہے جو پینسلوینیا کے طبی ماہرین نے کیا ہے جبکہ اس کی تفصیلات ’’بی ایم جے اوپن ریسپائریٹری ریسرچ‘‘ کے ایک حالیہ شمارے میں آن لائن شائع ہوئی ہیں۔

اس جامع تجزیئے میں ماہرین نے گذشتہ برسوں میں کیے گئے 22 تحقیقی مطالعات کا جائزہ لیا، جن میں اوسطاً 62 سال عمر کے 42 ہزار سے زیادہ افراد شریک تھے۔ تجزیئے سے یہ بات سامنے آئی کہ جن لوگوں کی نیند وقفے وقفے سے ٹوٹ جاتی ہے اور وہ گھنٹوں نیند لینے کے بعد بھی چاق و چوبند محسوس نہیں کرتے، ایسے لوگوں‌ میں رگوں اور دل سے متعلق بیماریوں کے علاوہ دیگر اسباب سے اچانک موت کی شرح، مسلسل کئی گھنٹوں تک سکون کی نیند سونے والوں سے نمایاں طور پر زیادہ تھی۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ کیا آپ ایک پرسکون نیند سے محروم ہیں؟ یہ غذائیں کھائیں اور اطمینان سے سوئیں

جن لوگوں میں نیند متاثر رہنے کی شرح جتنی زیادہ تھی، ان میں اچانک موت کی مجموعی شرح بھی اسی حساب سے زیادہ دیکھی گئی۔ اس طرح نیند کے متاثر ہونے اور اچانک موت میں مضبوط تعلق سامنے آیا۔ جن افراد کی نیند سب سے زیادہ متاثر تھی، ان میں کسی بھی وجہ سے ناگہانی موت کا خطرہ بھی سب سے زیادہ یعنی تقریباً دگنا تھا۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ دوران نیند ہمارے ساتھ پیش آنے والے واقعات کی حقیقت کیا ہے؟ آیئے جانتے ہیں

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس وقت ہم نیند کی خرابی اور مختلف بیماریوں میں تعلق کو بڑی حد تک سمجھ چکے ہیں لیکن اب بھی ہم اس عمل کی بہت سی جزئیات کے بارے میں نہیں جانتے؛ لہٰذا اس تحقیق کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ یہ مسئلہ حل بھی کیا جا سکے۔

Facebook Comments