پانی پینے سے پہلے ان تدابیر پر ضرور عمل کیجئے ورنہ آپ تکلیف میں مبتلا ہو سکتے ہیں

03ستمبر2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: ہم سب کو ایک خاص مقدار کے مطابق پانی پینے کی ضرورت ہوتی ہے، تاہم پانی پیتے ہوئے ہم کچھ غلطیاں بھی کر جاتے ہیں، جو ہمارے لئے نقصان کا باعث بن سکتی ہیں۔ ذیل میں جانتے ہیں کہ وہ غلطیاں کیا ہیں اور ان سے پیدا ہونے والے نقصانات کونسے ہیں۔

مرغن کھانے کے بعد پانی پینا

مرغن غذاؤں پر مشتمل کھانا کھانے کے بعد پانی پینے سے گریز کریں۔ اس وقت پیا جانے والا پانی غذا کو ہضم کرنے والے گیسٹرک جوس کے اثر کو کم کر دیتا ہے جس سے غذا ہضم ہونے میں مشکل پیش آتی ہے۔ اس کے علاوہ انسولین کی سطح میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔

ایک ساتھ بہت سارا پانی پینا

ایک ہی وقت میں بہت سارا پانی پی لینا تھوک کو پتلا کر دیتا ہے جس سے غذا کو ہضم کرنے کا عمل آہستہ ہو جاتا ہے۔ ایک وقت میں 60 سے 90 ملی لیٹر پانی پئیں اور آہستہ آہستہ پئیں۔

صبح اٹھ کر پانی نہ پینا

کئی گھنٹوں کی نیند کے بعد ہمارے جسم کو اپنی توانائی بحال کرنے کیلئے فوری طور پر کچھ چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے اور پانی بھی انہی میں سے ایک ہے۔ نیند میں ہمارا جسم خشک ہو جاتا ہے اور بیدار ہونے کے بعد فوری طور پر اسے ہائیڈریشن فراہم کرنا ضروری ہوتا ہے، لہٰذا صبح اٹھنے کے بعد ایک گلاس پانی ضرور پئیں۔

سونے سے پہلے پانی نہ پینا

رات بستر پر جانے سے قبل ایک گلاس پانی پینا اپنی عادت بنا لیں۔ یہ نیند کے دوران جسم کو ڈی ہائیڈریشن سے بچائے گی جبکہ پانی نہ پینے کی صورت میں دن بھر آپ سستی اور غنودگی محسوس کریں گے۔

سخت ورزش کے دوران بہت زیادہ پانی پینا

سخت ورزش کرتے ہوئے بہت سارا پانی پینے سے گریز کریں، یہ آپ کو سر درد، متلی اور چکر میں مبتلا کر سکتا ہے۔

مصالحہ دار اشیا کا اثر ختم کرنے کیلئے پانی پینا

کوئی تیز اور مصالحہ دار شے کھانے کے بعد ہم اس کی جلن زائل کرنے کیلئے پانی پیتے ہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں پانی پینا ان مالیکیولز کو اور تیز کرتا ہے جو ہماری زبان پر جلن پید ا کرتے ہیں؟ یعنی آپ جتنا زیادہ پانی پئیں گے اتنی ہی جلن محسوس کریں گے، اس کے برعکس ایسے موقع پر دودھ پینے سے جلن میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

Facebook Comments