بیماریوں سے جان چھڑانے کیلئے لوگ میوزیم کا رخ کرنے لگے

09فروری2019
(فوٹو بشکریہ لوکل فوڈ ٹورز ڈاٹ کام)

ویب ڈیسک: (مانٹریال) عمومی طور پر ایسا ہوتا ہے کہ کسی بھی بیماری سے نجات دلانے کیلئے ڈاکٹرزاپنے مریضوں کو بھاری بھر کم دوائیاں تجویز کرتے ہیں جن کا وقتی طور پر تو فائدہ ہوتا ہے لیکن بعد میں وہی دوائیاں جسم کو نقصان پہنچانے کا باعث بھی بنتی ہیں،دوسری جانب اس سے پیسے کا بھی ضیائع ہوتا ہے۔

حال ہی میں بیماریوں سے چھٹکارا پانے کیلئے ماہرین صحت نے ایک ایسے طریقے پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے جو ہمارے قارئین کیلئے دلچسپی سے خالی نہیں ہو گا ،اس طریقۂ علاج میں مریضوں کو دوائیں کھانے کی بجائے کسی میوزیم کا رخ کرنا ہو گا۔

کینیڈا کے شہر مانٹریال میں ایک ایسے ہی منصوبے پر عملدرآمد کیا جا رہاہے جس میں مختلف بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو فن و ثقافت کی طرف مائل کیا جائے گا تاکہ انکی جسمانی صحت پر مثبت اثرات پڑ سکیں۔

مانٹریال کی ڈاکٹرز تنظیم اور مانٹریال میوزیم آف فائن آرٹس کی مشترکہ کوشش ہے کہ ڈاکٹرز اپنے مریضوں کو نسخے میں میوزیم کا دورہ لکھ کر دیں۔

اس منصوبے کا سہرا میوزیم تنظیم کے ڈائریکٹر جنرل نتھالی کے سر ہے،جن کی کوششوں سے اس منصوبے کوعملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔

میوزیم تنظیم کے ڈائریکٹر جنرل نتھالی کا کہنا ہے کہ جیسے جسمانی سرگرمیوں کو صحت کیلئے مفید قرار دیا جاتا ہے بالکل اسی طرح ثقافتی سرگرمیوں کو بھی صحت کیلئے مفید قرار دیا جائے گا۔

ڈاکٹر نتھالی کہتے ہیں کہ میوزیم کا پرسکون ماحول،تخلیقی نمونے اور خوبصورت فن پارے مریض کے موڈ کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،مریضوں کی جسمانی حالت بہتر ہو سکتی ہے اور وہ فن و ثقافت کے بارے میں سوچ کر اپنی بیماری کو بھی بھول سکتے ہیں۔

montreal museums
(فوٹو بشکریہ ٹرپ سیوی ڈاٹ کام)

وہ کہتے ہیں کہ اس منصوبے کا مرکزی خیال یہ ہے کہ فن و ثقافت ایک بہترین دوا ہے،اور اس سوچ کے تحت مریضوں کو بھاری بھر کم دوائیں تجویز کرنے کی بجائے یہ کہا جائے کہ وہ کسی میوزیم کا دورہ کریں۔

ڈاکٹر نتھالی کا کہنا ہے کہ اگر یہ منصوبہ کامیاب ہو گیا تو اسکا دائرہ کار پوری دنیا میں پھیل سکتا ہے۔

ایک اور ماہر طب ڈاکٹر ہیلینا کہتی ہیں کہ اس بارے میں تحقیق کی جارہی ہے کہ فن و ثقافت سے لگاؤ پیدا کرکے جسمانی صحت میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

montreal museum
(فوٹو بشکریہ ٹرپ سیوی ڈاٹ کام)

وہ یہ بھی کہتی ہیں کہ جب میرے مریض میوزیم کا دورہ کریں گے تو ان میں خوشی کے جذبات پیدا ہوں گے جن سے انکی صحت میں بہتری آ سکتی ہے۔

واضح رہے کہ تنظیم کے ڈاکٹرز کا ماننا ہے کہ ابھی اس منصوبے کا ابتدائی مرحلہ ہے جس کے بعد مریضوں کیلئے آرٹ تھیراپیز بھی متعارف کروائی جائے گی۔

Facebook Comments