مزیدار چکن مائیکرونی کیسے تیار کی جاتی ہے؟ جانیئے اس ترکیب میں

How to prepare delicious chicken microni! Learn in this recipe

(فوٹو : اردوگرام)

اجزاء:
مائیکرونی، تین سو گرام
بون لیس چکن، تین سو گرام
آلو، ایک عدد (لمبے سائز میں کاٹ لیں)
ٹماٹر، ایک عدد (کیوبز میں کاٹ لیں)
گاجر، ایک چوتھائی کپ (باریک کٹی ہوئی)
پیاز، ایک درمیانے سائز کی (چوپ کی ہوئی)
ہری شملہ مرچ، ایک درمیانےسائز کی (کیوبز میں کٹی ہوئی)
کیچپ، ایک چوتھائی کپ
آدھے لیموں کا رس
لال مرچ، ایک چائے کا چمچ، (کُٹی ہوئی)
کالی مرچ پاؤڈر، آدھا چائے کا چمچ
سرکہ، ایک چائے کا چمچ
لہسن ادرک چوپ کیا ہوا، ایک چائے کا چمچ
نمک، حسبِ ذائقہ
ڈارک سویا سوس، ایک چائے کا چمچ

:ترکیب

مائیکرونی اُبالنے کیلئے چار سے پانچ لیٹر پانی اُبال لیں، جب پانی اُبلنے لگے تو اس میں ایک کھانے کا چمچ نمک ڈال دیں اور ساتھ ہی ایک کھانے کا چمچ تیل بھی شامل کر لیں، اس کے بعد اس میں مائیکرونی ڈال دیں اور چھ سے آٹھ منٹ تک تیز آنچ پر اُبالیں۔

ساتھ ساتھ چمچ ہلاتے رہیں، آٹھ منٹ کے بعد مائیکرونی کو چھان لیں، اس کے بعد مائیکرونی پر ایک کھانے کا چمچ تیل ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں اور کچھ دیر کیلئے رکھ دیں۔

تین کھانے کے چمچ کینولا کا تیل کسی کڑاہی یا دوسرے برتن میں گرم کریں، تیل گرم ہونے پر اس میں چوپ کی ہوئی پیاز ڈال دیں، پیاز کو ایک سے دو منٹ کیلئے پکائیں، اب اس میں لہسن ادرک کی پیسٹ ڈال کر مزید دو منٹ تک پکائیں، اس کے بعد اس میں چکن شامل کر کے آنچ تیز کریں اور تب تک پکائیں جب تک چکن کا رنگ تبدیل نہ ہو جائے، چکن کو پکانے کے بعد اس میں ٹماٹر، کالی مرچوں کا پاؤڈر، کُٹی ہوئی لال مرچیں، نمک، سرکہ اور سویا سوس ڈال کرتمام چیزوں کو اچھی طرح مکس کریں، اب دم لگا کر پانچ سے چھ منٹ کیلئے پکنے دیں۔

دوسری طرف ایک کڑاہی میں آئل گرم کر کے آلو فرائی کر لیں، آلو فرائی ہونے پر نکال کر رکھ لیں، چکن کے اچھی طرح گل جانے کی صورت میں کیچپ، چوپ کی ہوئی گاجریں ڈال کر تیز آنچ پر دو منٹ کیلئے مزید پکائیں، اس کے بعد اس میں شملہ مرچیں ڈال کر مزید ایک سے دومنٹ کیلئے پکا لیں، اب اس میں مائیکرونی شامل کر کے اچھی طرح سے مکس کریں، اس کے بعد آنچ کو ہلکا کر کے دو سے تین منٹ کیلئے دم پر رکھ دیں۔

آخر میں لیموں کا رس شامل کریں اور ساتھ ہی فرائی کئے ہوئے آلو ڈال کر مکس کر لیں، گرما گرم چکن مائیکرونی تیار ہے۔

Facebook Comments