روپے نے ڈالر کو پچھاڑ دیا

Dollar Down
03جولائی2020
(فوٹو : اسٹاک امیج)

ویب ڈیسک: (کراچی) نئے مالی سال کے آغاز سے ہی ذرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا ہونے لگا اور جمعرات کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کو تنزلی کا سامنا رہا جس سے انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 168 روپے اور167 روپے سے بھی نیچے آ گئی۔

بدھ کو بینکوں کی مالی سال کی کلوزنگ کی وجہ سے بندش کے بعد جمعرات کو انٹربینک مارکیٹ کی سرگرمیاں شروع ہوتے ہی روپے کی نسبت ڈالر کی تنزلی شروع ہوئی جسکے نتیجے میں انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک روپے 17 پیسے کی کمی سے 166 روپے 88 پیسے پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 80 پیسے کی کمی سے 167 روہے 40 پیسے پر بند ہوئی۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ پاکستان میں کاروباری آسانیوں سے متعلق رینکنگ میں بہتری آئی ہے، ورلڈ بینک

اس ضمن میں ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر ملک محمد بوستان نے ایکسپریس نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ایک ہفتے میں عالمی مالیاتی اداروں چینی بینکوں سے پاکستان کو 4 ارب ڈالر موصول ہونے اور عالمی بینک کی جانب سے مزید 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری مالی سال کے اختتام پر بیرونی ادائیگیوں کا سلسلہ مکمل ہونے سے انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر تنزلی سے دوچار ہوئی، ڈالر کی رسد متوازن ہونے سے اسکے اثرات اوپن کرنسی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے اور ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ استحکام کی جانب گامزن ہو گیا ہے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ حکومت نے شرح سود میں‌ مزید کمی کر دی

انہوں نے کہا کہ مالی سال کے اختتامی دن ہی دشمن ملک نے اسٹاک مارکیٹ پر دہشت گردی کے ذریعے پاکستان کی معیشت پر ضرب لگانے کی کوشش کی لیکن نجی سیکیورٹی گارڈز، پولیس اور رینجرز کے جوانوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر اس حملے کو ناکام بنایا جسکے بعد زرمبادلہ کی مارکیٹوں اور اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا مورال اور اعتماد مزید بلند ہو گیا ہے۔

Facebook Comments