جرمنی دنیا کا چوتھا بہترین ملک کیسے بنا؟

16اکتوبر2019

Germany
حال ہی میں دنیا کے چند بہترین ممالک کی فہرست جاری کی گئی، جس میں سوئٹزر لینڈ پہلے، جاپان دوسرے، کینیڈا تیسرے اور جرمنی چوتھا بہترین ملک قرار پایا۔

یو ایس نیوز اینڈ ورلڈ نے آن لائن رپورٹس کے بنیاد پر دنیا کے 80 ممالک کو ان کی کاروباری اہمیت، طاقت اور معیار زندگی پر پوائنٹس دئیے، جرمنی گزشتہ تین سالوں سے کاروباری کٹیگری میں پہلے نمبر پر براجمان ہے تاہم سال 2019ء میں جرمنی کاروباری کٹیگری میں ایک درجہ تنزلی کی وجہ سے دوسرے نمبر پر آ گیا ہے، جبکہ اس سال جاپان کاروباری اعتبار سے پہلا نمبر حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

سروے کرنے والی ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کاروبار میں کسی بھی ملک کے مقام کا تعین جن عوامل پر کیا گیا ہے ان میں دنیا سے اس کا رابطہ، تعلیمی معیار،ایجادات، سرمائے کی دستیابی اور ہنر مند افرادی قوت شامل ہیں۔

کاروباری لحاظ سے گو کہ جرمنی اس برس دوسرے نمبر پر آ گیا ہے لیکن طاقت ور ممالک کی لسٹ میں اپنے سابقہ مقام پر ہی براجمان ہے، طاقت کے حامل ممالک میں امریکہ پہلے، روس دوسرے، چین تیسرے اور جرمنی چوتھے نمبر پر موجود ہے، اس بات سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ جرمنی نے دنیا کے مقابلے اپنی معیشت کو مستحکم رکھا ہوا ہے۔

معیار زندگی کے حوالے سے جرمنی دسویں نمبر پر موجود ہے جبکہ اس فہرست میں باقی نو ممالک میں بالترتیب کینیڈا، سوئیڈن، ڈنمارک، ناروے، سوئٹزر لینڈ، فن لینڈ، آسٹریلیا، نیدر لینڈ، اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔ اس سروے رپورٹ میں کسی بھی ملک کے معیار زندگی کا جائزہ اس کی قوت استعداد، روزگار کے مواقع، معاشی استحکام، آمدنی کی فی کس شرح، سیاسی استحکام، اعلی تعلیمی سہولیات، محفوظ ماحول اور علاج معالجے کی اعلی سہولتوں کی بناء پر لیا گیا ہے۔

یو ایس نیوز اینڈ ورلڈ نے اس سروے میں ایڈونچر کٹیگری بھی رکھی ہے جس میں یہ جائزہ لیا گیا کہ ملک سیر و سیاحت کے اعتبار سے دنیا میں کس قدر مقبول ہے ، اس بار جرمنی دیگر ممالک کے مقابلے میں کافی پیچھے دکھائی دیا، مقبول ترین ممالک کی لسٹ میں برازیل پہلے، اٹلی دوسرے اور اسپین تیسرے نمبر پر موجود ہے تاہم جرمنی 57 نمبر پر ہے۔

سال 2019ء میں کچھ اضافی درجہ بندیاں کی بھی کی گئی ہیں جیسے خواتین کے لئے دنیا کا بہترین ملک کونسا ہے ؟ تعلیم کے شعبے میں کونسا ملک بہتر ہے یا سب سے اچھی مصنوعات کہاں تیار ہوتی ہیں، برانڈز کے حوالے سے بھی جرمنی اپنا ایک الگ ہی مقام رکھتا ہے بالخصوص آٹو انڈسٹری جبکہ صحت کے شعبوں میں بھی جرمن کے برانڈز پہلے نمبر پر دکھائی دیتے ہیں۔

الیکڑانکس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی جرمنی کسی سے کم نہیں ہے سروے کے مطابق جاپان کے بعد جرمنی دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کے علاوہ وائن انڈسٹری میں بھی جرمنی بالترتیب اٹلی، فرانس، اسپین اور پرتگال کے بعد پانچواں نمبر پر موجود ہے۔

جرمنی چونکہ وسطی یورپ کا سب سے بڑا ملک ہے اور اپنے محل وقوع کے اعتبار سے بھی اہمیت کا حامل ہے ، اس کے علاوہ جرمنی ان ممالک میں شامل ہے جو ثقافتی اعتبار سے بڑے بااثر ملک سمجھے جاتے ہیں، جرمنی کے مختلف علاقوں کی مختلف ثقافت ہے، جرمنی کی ایک خاص بات یہ ہے کہ یہاں کاروں کو سوشل اسٹیٹس کی علامت سمجھا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ جرمنی میں جس کے پاس جتنی بڑی گاڑی ہوتی ہے اسے اتنا ہی معزز مانا جاتا ہے۔

Facebook Comments